مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 21 نومبر2022ء) ریسر میر نادر مگسی ساتویں تھل جیپ ریلی کے تیسری بار چیمپئن بن گئے ۔17 نومبر سے 20 نومبر تک چار روزہ ساتویں تھل جیپ ریلی سنسنی خیز مقا بلوں کے بعد اختتام پزیر ہو گئی ہے۔ پنجاب ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن نے ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے تھل جیپ ریلی کا آغاز سال 2006 میں ضلع مظفرگڑھ کے ریگزاروں میں کیا،وقت کے ساتھ اس کی مقبولیت میں اضافہ ہوتا گیا اور ہر سال ریسرز اور شائقین کی تعداد میں اضافہ ہوتا رہا،رواں سال ساتویں تھل جیپ ریلی میں 5 خواتین ریسرز سمیت 115 ریسرز نے حصہ لیا جن میں بیرون ممالک سے آئے ہوئے ریسرز بھی شامل تھے۔
190 کلومیٹر پرخطر ٹریک پر ریسرز نے ہمت، حوصلے اور مہارت کے شاندار مظاہرے کر کے شائقین سے خوب داد وصول کی۔
ملک کے معروف ریسر میر نادر مگسی تیسری بار تھل جیپ ریلی کے فاتح قرار پائے ہیں۔تھل جیپ ریلی کے سات برسوں کے سکور بورڈ کے مطابق سال 2016 میں پہلی تھل جیپ ریلی کے چیمپئن صاحبزادہ محمد علی سلطان قرار پائے،سال 2017 میں دوسری تھل جیپ ریلی کے فاتح میر نادرعلی مگسی قرار پائے،سال 2018 میں تیسری تھل جیپ ریلی ایک بار پھر میرنادر علی مگسی نے اپنے نام کی،سال 2019 میں چوتھی تھل جیپ ریلی میں آصف فضل چوہدری نے پہلی پوزیشن حاصل کی،سال 2020 میں پانچویں تھل جیپ ریلی دوسری مرتبہ صاحبزادہ محمد علی سلطان نے اپنے نام کی۔
گزشتہ برس سال 2021 میں چھٹی تھل جیپ ریلی کے فاتح زین محمود قرار پائے اور اب سال 2022 میں ساتویں تھل جیپ ریلی پاکستان کے معروف ریسر میر نادر مگسی نے تیسری مرتبہ اپنے نام کی ہے۔ٹی ڈی سی پی اور مظفرگڑھ،کوٹ ادو اور لیہ کی انتظامیہ کی محنت اور بہتر انتظامات کی بدولت تھل جیپ ریلی کا میگا سپورٹ ایونٹ جنوبی پنجاب کی پہچان بن چکا ہے۔