مظفر گڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 03 جولائی2017ء) ڈی پی او مظفرگڑھ اویس احمد ملک نے ڈسٹرکٹ پولیس مظفرگڑھ کی پہلے چھ ماہ کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے اپنے کمیٹی روم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال 2017 کے حوالے سے مظفرگڑھ پولیس کی کارکردگی مثالی رہی ۔ رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران منشیات فروشوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کی گئیں۔پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران 266 مقدمات درج کر تے ہوئے 301 ملزمان گرفتار کیے۔ مظفرگڑھ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی میں 64 کلوگرام افیون، 27 کلوگرام چرس، 109 کلوگرام بھنگ اور 11 کلوگرام پوست برآمد کی۔ مظفرگڑھ پولیس نے رواں سال کے دوران منشیات فروشوں کے خلاف مختلف کارروائیوں میں شراب کی 8 چالو بھٹیاں‘ 960 لیٹر لہن اور 3458 لیٹر شراب برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کیا۔