متوقع سیلاب سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،ڈپٹی کمشنر

مظفر گڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 03 جولائی2017ء) مون سون کی بارشوں کی وجہ سے دریائے چناب اور دریائے سند ھ میں متوقع سیلاب سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا، یہ بات ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ محمد سیف انور نے ضلع میں مختلف فلڈ بندوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ حفاظتی بندوں کی تعمیرو مرمت کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ، سیلاب سے قبل تمام جاری منصوبے مکمل کرلئے جائیں گے ، سیلاب کی صورت میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، تمام متعلقہ محکموں نے اپنا اپنافلڈپلان مرتب کرلیا ہے ، ریسکیو1122ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے متعدد بار ریہرسل کر چکی ہے ، تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنران ، ڈی ایس پیز اور محکمہ آبپاشی کے افسران کے ساتھ فلڈ بندوں کا معائنہ کررہے ہیں، دریائی علاقوں میں قائم تجاوزات کے خاتمے کیلئے لائحہ عمل مرتب کرلیا گیا ہے، سیلاب سے قبل تمام تجاوزات ختم کر دی جائیں گی، متاثرین سیلاب کیلئے ریلیف کیمپوں کا قیام، ان کے طعام، میڈیکل اور دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ، ریلیف کیمپوں میں افسران کی تعیناتی، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی ڈیوٹی ، ادویات کی فراہمی اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی کے انتظامات بھی مکمل کر لئے گئے ہیں، جانوروں کی ویکسی نیشن اور ان کیلئے مناسب ونڈے کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور اس کی ٹیم کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے ، سیلاب کی صورت میں متاثرین کی جان و مال کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔