مظفر گڑھ ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 20 دسمبر2018ء) خواتین کو خود مختیار بنا کراوران کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا کر ملکی معیشت کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے، گھریلو خواتین کومختلف شعبوں میں جدید خطوط پر تربیت فراہم کرنے سے گھریلو صنعتوں کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عطاالحق نے صنعت زار میں نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن سنٹر کے زیر اہتمام سلائی کا کورس مکمل کرنے والی طالبات میں سلائی مشینیں تقسیم کرنے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ سلائی مشین بھی ایک صنعت کا درجہ رکھتی ہے، جس کے ذریعے چھوٹے پیمانے پر گھریلو خواتین گارمنٹس انڈسٹری کو فروغ دے رہی ہیں، گھریلو سطح پر تیار کی جانے والی معیاری گارمنٹس کو قومی و بین الاقوامی مارکیٹ میں متعارف کرانے کیلئے تاجر برادری اپنا کردار ادا کرے اس سے نہ صرف خواتین کو انکی محنت کا بہترین معاوضہ ملے گا بلکہ اس سے علاقائی ثقافت کو بھی فروغ ملے گا اور ملکی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہونگے۔