مظفر آباد۔3نومبر (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 3 نومبر2021ء) :وزیر خزانہ آزاد کشمیر اور چیئر مین بینک آف آزاد جموں و کشمیرجناب عبد الماجد خان کی زیرصدارت گزشتہ روزیہاں بینک کے ہیڈ آفس پر بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 56واں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کے آغاز پر آزاد کشمیر کے وزیر خزانہ کو بینک کے بورڈ کا چیئر مین مقرر ہونے پر مبارک باد پیش کی گئی۔
بعد ازاںصدر بینک جناب خاور سعید نے بورڈ کو9ماہی کارکردگی کے اہم نکات سے آگاہ کیا ۔ بورڈ نے بینک کی کامیابی اور ترقی کے لئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا اور9ماہی ریکارڈز وحسابات (30 ستمبر2021تک) کا جائزہ لینے کے بعد ان کی منطور ی دے دی۔سی ایف او جناب شاہد شہزاد میر نے فنانشل بزنس پر بریفنگ دی۔بورڈ نے سال 2021کے پہلے 9ماہ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریکارڈ منافع کمانے ، ڈیپازٹس اور ترسیلات زر سمیت دیگر شعبہ جات میں بھی نہ صرف اضافہ بلکہ اہداف عبور کرنے کو قابل تعریف پیش رفت قرار دیا۔
ریاست کے واحد مالیاتی ادارے نے منافع کے علاوہ دیگر شعبہ جات میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ سال2021 کے پہلے 9ماہ کے دوران بینک کے ڈیپازٹس 29فی صداضافے کے ساتھ 17.63ارب روپے ہو گئے۔ سال2021 کے پہلے 9ماہ کے دوران ہوم ریمٹنس 219فی صد اضافہ کے ساتھ 3.25ارب روپے تک پہنچ گئے۔ سال2021 کے پہلے 9ماہ کے دوران بینک کے کل اثاثہ جات کی مالیت42فیصد اضافے کے ساتھ23.92ارب روپے ہوگئی ۔
30ستمبر2021 تک بینک نے صارفین کو 2.86ارب روپے کے قرضہ جات فراہم کئے۔ یوں قرضہ جات کی فراہمی میں 17فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ بینک کی کارکردگی کو بورڈ کی سرپرستی اور بینک کے صدر کی زیر قیادت بینک انتظامیہ کی محنت اور بینک پر عوام کے بھرپور اعتماد کا اظہار قرار دیا جا رہاہے۔اس موقع پر صدر بینک نے بورڈ ممبران کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔
اجلاس میں ڈائریکٹرز، ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنگلات واکلاس آزاد کشمیر جناب فیاض علی عباسی،ایس ایم بی آر جناب احسان خالد کیانی، سیکریٹری فنانس جناب عصمت اللہ شاہ، سیکریٹری انڈسٹریز سید ظہورالحسن گیلانی،بورڈ کے پرائیویٹ ممبران راجہ ممتازعلی، جناب اعجاز حسین راٹھور، جناب حق نواز اور کمپنی سیکریٹری جناب معاذ اللہ خان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں امید ظاہر کی گئی کہ چیئر مین بینک کی سرپرستی میں بینک دن دوگنی ، رات چوگنی ترقی کی منازل طے کرے گا۔