مظفر گڑھ، سات افراد کو زندہ جلانے کا مقدمہ، مرکزی ملزم کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے رابطہ، تین افراد گرفتار

مظفر گڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 30 اکتوبر2021ء) مظفر گڑھ کے علاقے پیر جہانیاں میں 4 کمسن بچوں سمیت 7 افراد کو زندہ جلانے مقدمے میں پیشرفت ہوئی ہے۔ڈی ایس پی عمران رشید کے مطابق بچوں سمیت 7 افراد کو زندہ جلانے کے مقدمے میں ملوث 3 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ڈی ایس پی کے مطابق ملزمان میں قتل ہونے والی خواتین کا والد، بھائی اور کزن شامل ہیں جبکہ مرکزی ملزم واردات کیلئے دبئی سے پاکستان آیا تھا۔

 

ڈی ایس پی عمران رشید نے کہا کہ ملزم گھر کو آگ لگانے کے بعد ملک سے فرار ہوگیا تھا، ملزم کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے رابطہ کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پسند کی شادی کرنے پر بھائیوں نے دونوں بہنوں کے گھر میں آگ لگائی تھی۔پیر جہانیاں میں 17 اکتوبر کو ایک گھر میں آگ لگاکر 4 بچوں سمیت 7 افراد کو قتل کیا گیا تھا۔