مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 09 مارچ2023ء) صدارتی ایوارڈ یافتہ،ملک کے نامور صوفی گلوگار استاد پٹھانے خان کو مداحوں سے بچھڑے 23 برس بیت گئے۔اپنی سریلی اور منفرد گائیکی کی بدولت لاکھوں دلوں میں گھر کرنے والے سائیں پٹھانے خان 1920 میں کوٹ ادو کے گاوں تمبو والا میں پیدا ہوئے۔ان کا اصل نام غلام محمد تھا،وہ بچپن ہی میں اپنے والد خمیسہ خان کے ہمراہ کوٹ ادو شہر کے وارڈ نمبر 14 میں منتقل ہو گئے۔
انہوں نے موسیقی کی تعلیم حافظ نذر حسین سے حاصل کی۔انہوں نے اپنی پہلی ریکارڈنگ 1974 میں ریڈیو ملتان سے کرائی،1989 میں عظیم صوفی بزرگ خواجہ غلام فرید کی کافی،میڈا عشق وی تو میڈا یار وی تو” گانے سے انہیں عالمی شہرت ملی۔انہیں کافی اور صوفیانہ کلام کی گائیکی میں ملکہ حاصل تھا۔انہوں نے خواجہ خواجہ غلام فرید،سچل سرمست،وارث شاہ،بابا بلہے شاہ اور سلطان باہو کا عارفانہ کلام گا کر بہت شہرت حاصل کی۔انہوں نے انڈیا،فرانس،برطانیہ اور متعدد دیگر غیر ملکوں میں بھی اپنے فن کا جادو جگایا۔