مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 08 فروری2023ء) نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے باقاعدہ اپنے عہدے کا چارج سنبھال کر کام شروع کردیا ہے، انہوں نے صبح سویرے سبزی و فروٹ منڈی اور شہر کی مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے مارکیٹ کمیٹی عملے کی حاضری چیک کی۔ڈپٹی کمشنر نے سبزی منڈی میں مختلف شیڈز اور سٹالز کا معائنہ کیا اورمنڈی میں موجود اجناس کی نیلامیوں کے طریقہ کار کا جائزہ لیتے ہوئے سبزیوں و پھلوں کی قیمتوں اور انکے معیارکو چیک کیا۔
انہوں نے اجناس کی نیلامیوں کا تقابلی جائزہ لیتے ہوئے واضح ہدایت کی کہ کسی پھل یا سبزی کی بے جا اور بلاجواز قیمت بڑھانے کی کوشش نہ کی جائے۔ انہوں نے مارکیٹ کمیٹی کے افسران کو ہدایت کی کہ سبزیوں و پھلوں کی قیمتوں کا نرخ نامہ 9 بجے تک دکانداروں کو تقسیم کر دیا جائے۔
انہوں سبزی منڈی میں صفائی کی صورت حال کو بہتر بنانے کی ہدایت کی اور آڑھتیوں کے مسائل کو حل کرنے کی یقین دھانی کرائی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کا معاشی استحصال کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ایسے لوگوں کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ سبزی منڈی میں حفاظتی انتظامات کو برقرار رکھا جائے۔ بعد ازاں انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں کو معائنہ کیا، صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا، انہوں نے شہر بالخصوص مرکزی شاہراہوں اور مرکزی چوکوں کی صفائی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ شہر کی سیوریج کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔