عوامی مسائل کا فوری ازالہ کیا جائے ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مظفرگڑھ

مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 22 جون2022ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مظفرگڑھ احسان الحق نے کہاہے کہ عوامی مسائل اور شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے بالخصوص پاکستان سٹیزن پورٹل پرآنے والی تمام عوامی شکایات کا ترجیح بنیادوں پر ازالہ کیا جائے۔یہ بات انہوں نے پاکستان سٹیزن پورٹل پر ضلع مظفرگڑھ سے متعلقہ شکایات کے ازالے پر کئے گئے اقدامات پرایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے پورٹل پر آنے والی عوامی شکایات پر متعلقہ محکموں کے ضلعی سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے محکموں کے متعلقہ عوامی شکایات کا ازالہ کریں اور اس کی رپورٹ بروقت پورٹل پر لوڈ کریں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک پاکستان پورٹل پر ضلع مظفرگڑھ کی سرکاری دفاتر سے متعلقہ 32ہزار877شکایات موصول ہوئی جس میں سے 32ہزار553شکایات کا ازالہ کیا جاچکا ہے، 215نئی شکایات ہیں جبکہ 109شکایات پر متعلقہ محکمے کارروائی کررہے ہیں۔

18ہزار 808شکایات پر عوامی فیڈبیک موصول ہواجن میں سے 7ہزار 55شکایات کے ازالے پر عوام نے اطمینان کا اظہار کیا جس کی شرح 38فیصد رہی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احسان الحق نے کہا کہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنایا جائے شکایات کا ازالہ میرٹ پراور فوری کیا جائے۔ اجلاس میں میں سی ای او تعلیم طارق حبیب فاروقی، ڈی او پاپولیشن ویلفیئر فرزانہ کوثر، ڈی ایف سی عدیل احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمداکرم،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت حبیب الرحمن، اسسٹنٹ اکاؤنٹس آفیسر تنویر مگسی سمیت متعلقہ محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔