مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 01 ستمبر2021ء) سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے مظفر گڑھ اور تحصیل کوٹ ادو کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ فصل کی صورت حال کا جائزہ لیا اور محکمہ زراعت کے تحت جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر کاشتکاروں نے سیکرٹری زراعت کوکپاس کی فصل بارے بتاتے ہوئے کہا کہ کئی سالوں بعد کپاس کاشتکاروں کیلئے منافع بخش ثابت ہورہی ہے جس کی بڑی وجہ زرعی زہروں کا کم استعمال، محکمانہ ایڈوائرزیز پر عملدرآمد اور بہترین موسم ہے۔
اس موقع پر سیکرٹری زراعت ثاقب علی عطیل نے کہا کہ جن کاشتکاروں نے بائیو پیسٹی سائیڈز کا استعمال کیا ان کی فصل نے نیچے سے ہی پھل اٹھانا شروع کیا ہے اور پتری و سانگلی وغیرہ بھی بہت کم بنی ہے جس سے صاف پھٹی کا حصول یقینی ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پہلی دفعہ اگست میں ہی جننگ فیکٹریاں چل پڑی ہیں جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ امسال کاشتکاروں نے فصل کا ابتدائی پھل بھی حاصل کیا ہے جس کی وجہ سے زرعی منڈیوں اور فیکٹریوں میں کپاس کی فصل سندھ کے ساتھ ہی آنا شروع ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہتر فصل اور مناسب قیمت سے امسال کاشتکاروں کے حوصلے بڑھے ہیں۔ انہوں نے فیلڈ فارمیشنز کو کاشتکاروں کی رہنمائی کے عمل میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کی بہتر نگہداشت اور اعلیٰ معیار کی روئی حاصل کرنے کیلئے کاشتکاروں کو کپاس کی صاف چنائی بارے رہنمائی جاری رکھی جائے۔ سیکرٹری زراعت نے امید ظاہر کی آئندہ سال کپاس کے رقبہ میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا جس سے ملکی معیشت میں مزید استحکام پیدا ہوگا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت توسیع مہر عابد حسین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت انفارمیشن عبدالصمد سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔