مظفرگڑھ ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 24 اپریل2019ء) اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ ظہور حسین بھٹہ نے کہا ہے کہ گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی حکومت پنجاب کی ہدایت اور پالیسی کے مطابق خان گڑھ میں رمضان بازار لگایا جائے گا .جہاں اشیاء خوردو نوش سمیت سبزی، پھل ، گوشت، مرغی، انڈے اور دیگر ضروریات زندگی سستے داموں وافر مقدار میں دسیتاب ہونگی۔یہ بات انہوں نے رمضان بازارکے قیام کے سلسلے میں میونسپل کمیٹی خان گڑھ میں مرکزی انجمن تاجران خان گڑھ کے ساتھ ایک میٹنگ کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اشیاء خردو نوش مارکیٹ ریٹ سے کم قیمت پر رمضان بازار میں دستیاب ہوں گی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ رمضان بازار میں نرخ نامہ آویزاں کیا جائے گا۔خان گڑھ رمضان بازار میں صفائی کے نظام کو بہتر سے بہتر بنایا جائے گا، معیاری اشیاء خوردو نوش، سبزی، پھل، گوشت، مرغی کے علیحدہ علیحدہ سٹال لگائے جائیں گےانہوں نے مزید کہا کہ اشیاء خوردو نوش کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پر چیئرمین میونسپل کمیٹی خان گڑھ طاہر شاہ ،مرکزی صدر انجمن تاجران شیخ رضوان افضل، شیخ عامر، سید عامر شاہ کے علاوہ خان گڑھ کے دوکانداروں نے شرکت کی اور خان گڑھ رمضان بازار میں سٹال لگانے میں بھر پور دلچسپی کا اظہارکیا۔