مظفرگڑھ ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 03 اپریل2019ء) میڈیا ملک کا ایک مضبوط ستون ہے اور پاکستان کی ترقی میں میڈیا کا ایک بڑا ہاتھ ہے، علاقائی صحافی مسائل کو اجاگر کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرتے ہیں، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ ڈاکٹر احتشام انور نے ریجنل یونین آف جرنلسٹ (RUJ) مظفرگڑھ کے ایک وفد سے ملاقات میں کیا۔انہوں نے کہا دوردراز کے علاقوں کے اکثر مسائل میڈیا کے ذریعے معلوم ہوتے ہیں جب کہ علاقائی صحافیوں کو درپیش مسائل سے بھی وہ اچھی طرح آگاہ ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وہ میڈیا کے دوستوں کا دل سے احترام کرتے ہیں۔ وفد میں شامل ریجنل یونین آف جرنلسٹ پاکستان (RUJ) کی سنٹرل ایگزیکٹو باڈی کے ممبر رضوان قریشی، ریجنل یونین آف جرنلسٹ (RUJ) ضلع مظفرگڑھ کے سنئیر نائب صدر سردار محمد معظم ڈوگر اور تحصیل مظفرگڑھ کے صدر نذر جتوئی نے ڈپٹی کمشنر کو علاقائی صحافیوں کے مسائل سے آگاہ کیا جس میں پریس کلبوں کی عمارتوں کا نہ ہونا، علاقائی صحافیوں کے لئے رہائشی کالونیوں اور لائف انشورنس سمیت دیگر مسائل شامل تھے۔وفد نے ڈپٹی کمشنر سے کہا کہ وہ آر یو جے کے ضلعی، تحصیل عہدیداران سے ملاقات کا وقت دیں تاکہ مظفرگڑھ کی چاروں تحصیلوں سے آئے ہوئے صحافی اپنے اپنے علاقہ کے مسائل بتا سکیں جس پر ڈپٹی کمشنر نے بہت جلد ملاقات کا وقت دینے کا وعدہ کیا۔