جمشید دستی نے بھی نیٹو سپلائی روکنے کیلئے ڈی جی خان میں دھرنا دے دیا

مظفر گڑھ(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 26نومبر 2013ء) رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے بھی نیٹو سپلائی روکنے کیلئے ڈیرہ غازی خان بائی پاس پر دھرنا دے دیا۔ جمشید دستی نے مظفرگڑھ کے قریب ڈیرہ غازی خان بائی پاس پر نیٹو سپلائی روکنے کیلئے کارکنوں کے ہمراہ دھرنا دیا ہوا ہے۔ جمشید دستی کا کہناہے کہ انہوں نے امریکی جارحیت کیخلاف دھرنا دیا ہے۔ ڈرون حملے ہرگز برداشت نہيں کئےجائیں گے ان حملوں میں معصوم بچوں اور نوجوانوں کو شہید کیا گیا۔ملک امریکا کی منڈی بن چکا ہے حکمرانوں کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ یہاں سے نیٹو سپلائی کی گاڑی گزار کر دکھائيں، اگر نیٹو کنٹینرز یہاں سے آگے گئے تو انہیں ہماری لاشوں پر سے گزرنا ہوگا۔ اس موقع پر جمشید دستی نے اپیل کی کہ ملک بچانے کیلئے پوری قوم اٹھ کھڑی ہو۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے کارکنوں کے پشاور میں چوتھے روز بھی دھرنے جاری ہیں تاہم تحریک انصاف مظفرگڑھ کے کارکنوں نے جمشید دستی کے دھرنےمیں شرکت نہیں کی۔