گندم کی فصل کےلئے ضلع بھر میں سرکاری نرخوں پر کھاد کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی،ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 13 دسمبر2022ء) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے کہا ہے کہ بازاروں میں اشیاء خوردونوش کی سرکاری نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر بازاروں کا وزٹ کریں اور خلاف ورزی پر زیادہ سے زیادہ جرمانہ کریں، دکانوں کو سیل کردیں اور دکانداروں پر مقدمات قائم کرتے ہوئے پابند سلاسل کیا جائے۔

یہ بات انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو تنویر مرتضیٰ، اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ مبین احسن، منیجر صنعت زار محمد اکرم تکلیر، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت حبیب الرحمن، ڈی ایف سی محمد عدیل، ڈی او انڈسٹری محمد غازی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت عبدالرزاق، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد طارق سمیت دیگر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شرکت کی،جبکہ تحصیل علی پور اور تحصیل جتوئی کے اسسٹنٹ کمشنران اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں ماہ کے دوران ضلع کے 30پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 3ہزار 952دکانوں کا چیک کیا۔ خلاف ورزی پر 219 دکانداروں کو 8 لاکھ 21ہزار 500روپے جرمانہ کیا گیا اور 6ایف آئی آر کا اندراج کیا گیا۔