مظفرگڑھ،180 دنوں کا پیدل سفر کر کے مکہ معظمہ پہنچ جائیں گے،خالد

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 13 دسمبر2022ء) فیصل آباد کا رہائشی 54 سالہ خالد اپنے ساتھی ذیشان کے ہمراہ پیدل حج کے لیے روانہ۔ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے خالد عبدالغفور اپنے ساتھی زیشان کے ہمراہ حج کا سفر پیدل کرتے ہوئے مظفرگڑھ کی سب تحصیل رنگپور پہنچے تو صدر انجمن تاجران رنگپور سلیم رضا ڈوگر نے تاجروں اور شہریوں کے ہمراہ ان کا پرتپاک استقبال کیا انہیں پھولوں کے ہار پہنائے اور مبارکباد دی۔

اس موقع پر خالد عبدالغفور اور ان کے ساتھی زیشان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بہت عرصہ سے پیدل سفر حج کرنے کی خواہش تھی جسے عملی جامہ پہنانے کا انہیں اب موقع ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ روزانہ 30 کلومیٹر پیدل سفر کرتے ہیں اور پھر پڑاو ڈال دیتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وہ 8 دنوں میں فیصل آباد سے رنگپور پہنچے ہیں، ان کے اندازے کے مطابق وہ اس رفتار سے سفر کرتے ہوئے 180 دنوں میں مکہ معظمہ پہنچ جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ پیدل سفر حج کےلئے وہ کافی عرصہ سے پیدل چلنے کی مشق کرتے رہے ہیں،وہ فیصل آباد میں روزانہ 18 سے 20 کلومیٹر پیدل چلتے رہے ہیں اور اب پیدل سفر کرنا ان کےلئے مشکل نہیں رہا اور وہ اللہ پاک کی مدد سے 180 دنوں میں اپنا مقدس مشن مکمل کر لیں گے۔