کرونا وائرس بارے عوام میں خوف و ہراس اور عدم تحفظ کے خاتمے کیلئے ذرائع ابلاغ مثبت کردار ادا کرے، سی ای او صحت

مظفرگڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 03 مارچ2020ء) چیف ایگزیکٹیو آفیسر صحت مظفرگڑھ ڈاکٹر فیاض کریم لغاری نے کہا ہے کہ حکومت کرونا وائرس کے تدارک کے لیے دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اس سلسلہ میں کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کیلئے حکومت کے تعاون سے مظفرگڑھ میں تمام ضروری اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ یہ بات انہوں نے کرونا وائرس کے تدارک کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا حکومت کی کاوشوں کے نتیجے میں الحمداللہ اب تک ملک میں کرونا وائرس کی صورتحال تسلی بخش ہے، عوام میں خوف و ہراس اور عدم تحفظ کے خاتمے کیلئے ذرائع ابلاغ مثبت کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کرونا وائرس کی تشخیص کیلئے ضلعی سطح پر ٹاسک فورس قائم کر دی گئی ہے لہذا ڈاکٹرز ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی مریض میں کرونا وائرس سے ملتی جلتی کیفیات کی بنا پر اپنی رائے دینے سے اجتناب کریں۔قبل ازیں ڈبلیو ایچ او کی جانب سے ڈاکٹر عبدالرؤف نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ اور بچاؤ سے متعلق شرکاء کو مکمل آگاہی دی۔ انہوں نے کہا کہ ماسک کی ضرورت عام افراد سے بڑھ کرکرونا وائرس سے متاثرہ مریض کیلئے ضروری ہے کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ضروری ہے کہ ہاتھوں کو متعدد بار دھویا جائے اور ہاتھ ملانے سے گریز، نزلہ زکام کی صورت میں عوامی اجتماعات میں غیر ضروری طور پر شرکت نہ کی جائے۔ڈاکٹر مہر اقبال ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال مظفرگڑھ نے بتایا کہ ہسپتال میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کیلئے آئسولیشن وارڈ تشکیل دیا گیا ہے اور ڈاکٹر شعیب امین کو فوکل پرسن متعین کیا گیا ہے سیمینار میں ڈاکٹر حسن رضا صدر پی ایم اے ڈاکٹر رفیق قریشی ڈاکٹر یوسف لغاری سپیشلسٹ ڈاکٹرز ایمرجنسی میڈیکل آفیسرز عدنان لغاری میڈیا کوارڈینیٹر نرسز اور الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز نے شرکت کی۔