کاشتکار کماد کی مونڈھی فصل رکھنے ،فصل کی کٹائی کیلئے سردی کے ختم ہونے کا انتظار کریں، مہر عابد حسین

مظفر گڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔16 جنوری۔2016ء)کاشتکار کماد کی مونڈھی فصل رکھنے اور فصل کی کٹائی کیلئے سردی کے ختم ہونے کا انتظار کریں۔ کماد کی فصل کی کٹائی جنوری کے آخر یا فرور ی کے پہلے ہفتہ سے سردی کے ختم ہونے پر شروع کریں۔ موجودہ وقت اور سردی میں کٹی ہوئی کماد کی فصل کے مونڈھوں میں کشیدہ آنکھیں مرجا نے کا خدشہ ہے۔سردی ختم ہونے اور درجہ حرارت موزوں ہونے پر کٹائی اور رکھی مونڈھی فصل سے شگوفے خوب پھوٹتے ہیں اور پودے اچھا جھاڑ بناتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مہر عابد حسین ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت توسیع مظفرگڑھ نے کاشتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہگنے کی فصل کا منافع بخش پہلواس کی مونڈھی فصل کی پیداواری صلاحیت پر منحصر ہے۔مونڈھی فصل کے کھیت کے چناؤ کے لیے لیرا فصل کا بیماریوں اور کیڑوں کا محفوظ ہونا ضروری ہے مزید برآں گری ہوئی فصل سے آئندہ فصل کے لیے مونڈھی فصل نہ رکھیں۔انہوں نے کماد کے کاشتکاروں سے سفارش کی ہے کہ وہ فصل کاٹتے وقت گنا سطح زمین سے آدھا تا ایک انچ گہرا کاٹیں ۔اس سے زیر زمین پڑی آنکھیں زیادہ صحت مند ماحول میں پھوٹتی ہیں اور مونڈھوں میں موجود گڑووں کی سنڈیاں تلفی میں مدد ملتی ہے۔مونڈھی فصل کی اچھی پیداوار کے لیے ناغوں کو بروقت پرُ کریں اورناغے پرُ کرنے کے لیے علیحدہ نرسری لگائیں۔مونڈھی فصل کی کھاد کی ضروریات لیرا فصل کی نسبت زیادہ ہوتی ہیں لہذا مونڈھی فصل میں سفارش کردہ مقدار سے تیس فیصد زائد کھاد ڈالیں ۔کمزور زمین میں سوا پانچ بوری یوریا ، چار بوری ڈی اے پی اور اڑھائی بوری پوٹاشیم سلفیٹ فی ایکڑیا پونے سات بوری یوریا ، دس بوری سنگل سپر فاسفیٹ 18فیصد اور اڑھائی بوری پوٹاشیم سلفیٹ فی ایکڑ استعمال کریں۔ درمیانی زمین میں سوا چار بوری یوریا ، اڑھائی بوری ڈی اے پی اور اڑھائی بوری پوٹاشیم سلفیٹ فی ایکڑیا سوا پانچ بوری یوریا ، پونے سات بوری سنگل سپر فاسفیٹ اور اڑھائی بوری پوٹاشیم سلفیٹ فی ایکڑ ڈالیں جبکہ زرخیز زمینوں میں ساڑھے تین بوری یوریا ، سوا بوری ڈی اے پی اور سوا بوری پوٹاشیم سلفیٹ فی ایکڑ یا چار بوری یوریا ،ساڑھے تین بوری سنگل سپرفاسفیٹ اور سوا بوری پوٹاشیم سلفیٹ فی ایکڑ استعمال کریں۔مارچ کے مہینے میں کھیت کو اچھی طرح صاف کرنے کے بعد پانی لگادیں اور وتر آنے پر نائٹروجنی کھاد کا ایک تہائی حصہ جبکہ فاسفورس اور پوٹاش والی کھاد کی پوری مقدار ڈال کرزمین میں ہل چلا دیں۔