کاشتکاروں کو گنے کی قمیت کی ادائیگی 15دن کے اندر یقینی بنائی جائے، کین کمشنر پنجاب محمد زمان وٹو

مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 11 فروری2022ء) کین کمشنر پنجاب محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ کاشتکاروں کو گنے کی قمیت کی ادائیگی 15دن کے اندر یقینی بنائی جائے اور اس میں سے کسی قسم کی کٹوتی نہ کی جائے ایسا کرنے پر ملوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے مظفرگڑھ میں قائم شوگر ملوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹری رانا محمد گلفام بھی ان کے ہمراہ تھے۔

کین کمشنر نے کہا کہ گنے کی خریداری میں مڈل مین کے کردار کو ختم کیا جائے اور کاشتکاروں کو گنے کی پوری قیمت ادا کی جائے اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کیا جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بھی مڈل مین گنے کی خرید و فروخت میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف مقدمہ قائم کیا جائے گا۔ کین کمشنر نے شوگر ملوں کے معائنہ کے دوران ملوں میں کام کرنے والے مزدورں سے ان کی تنخواہوں اور اس کی ادائیگی کے بارے میں بھی دریافت کیا جس پر مزدورں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں کین کمشنر نے شوگر ملوں کے گوداموں کا بھی معائنہ کیا اور چینی کی ترسیل کا ریکارڈ بھی چیک کیا۔