ڈیجیٹل خانہ ومردم شماری اہم قومی ذ مہ داری ہے ، ڈی سی مظفرگڑھ

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 22 فروری2023ء) ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا کہ خانہ و مردم شماری اہم قومی ذمہ داری ہے، تمام متعلقہ ادارے مردم شماری کے دوران اپنے اپنے فرائض دیانتداری سے سرانجام دیں۔ یہ بات انہوں نے ساتویں خانہ و مردم شماری کے سلسلے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ساتویں مردم شماری پاکستان کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری ہوگی،جس کا آغاز یکم مارچ 2023 سے ہوگا اور یکم اپریل تک جاری رہے گی۔

ضلعی اور تحصیل کی سطح پر مروم شماری کوآرڈینیش کمیٹیاں اور ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ا یڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ضلعی سطح پر اور تحصیل سطح پر اسسٹنٹ کمشنران فوکل پرسنز ہونگے۔ کوآرڈینیشن کمیٹیوں میں پاک فوج کا نمائندہ،ڈسٹرکٹ پولیس افسران،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر،بلدیاتی اداروں کے منتخب نمائندے اور دیگر این جی اوز ممبر ہیں۔اجلاس میں بتایا کہ نئی پالیسی کے مطابق 16 بلاکس پر ایک سرکل سپر وائزر تعینات ہے۔ہر شمار کنندہ کو 2 بلاکس تفویض کئے جائیں گے۔2195 فیلڈ سٹاف تعینات کیا گیا ہے جس میں 290 سپر وائزرز اور 1904 شمار کنندہ ہیں۔ ضلع مظفرگڑھ میں 2415 ٹیب مہیا کئے جا رہے ہیں۔ضلعی اور تحصیل سطح پر مردم شماری کا کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔