پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی و آبادکاری کے لئے پرعزم ہے، صوبائی وزیر ریو نیو نوابزادہ منصور احمد خان

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 06 ستمبر2022ء) صوبائی وزیر ریو نیو نوابزادہ منصور احمد خان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی و آبادکاری کے لئے پرعزم ہے۔ حالیہ سیلاب سے بے پناہ تباہی ہوئی ہے۔ راجن پو ر، تونسہ،ڈی جی خان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں پنجاب حکومت کی پوری ٹیم اب بھی متاثرہ علاقوں میں تسلسل کے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے۔

ریسکیو 1122نے متاثرہ علاقوں میں بے پناہ کام کیا اور بھرپور طریقے سے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ صوبائی وزراء، اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے پوری محنت اور کوشش سے بحالی کا کام شروع کیا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ وقت کا تقا ضا ہے کہ صاحب حیثیت اور مخیر حضرات سے اپیل ہے کہ بینک آف پنجاب میں وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ کیلئے کھولے گئے اکاؤنٹ میں دل کھول کر عطیات دیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ٹیلی تھون کے دوران بھی متاثرین سیلاب کے لئے عطیات دینے کی اپیل کی۔انہوں نے کہاکہ بینک آف پنجاب کا سسٹم شفاف ہے اور جمع ہونے والی رقم کی مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ میں جمع ہونے والی رقم شفاف طریقے سے مستحق لوگوں پر استعمال ہوگی۔ وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ میں جمع ہونے والی رقم شفاف طریقے سے متاثرہ بہن بھائیوں کی بحالی پر خرچ ہوگی۔پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق پی ڈی ایم اے اور دیگر صوبائی ادارے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں کر رہے ہیں۔ سیلاب متاثرین کو تین وقت کا کھانا، ادویات اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اور لوگوں کو بیماریوں سے بچانے کے لیے ہاتھ سے چلنے والے الٹرا فلٹریشن پلانٹ کے ذریعے سیلاب متاثرین کو صاف پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔