مظفرگڑھ ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 02 نومبر2019ء) ڈائریکٹر جنرل زراعت پنجاب ڈاکٹر انجم علی نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں ٹڈی دل سے کوئی نقصان نہیں ہوا ہے اور نہ ہی اب کوئی خطرہ ہے، صوبہ پنجاب میں داخل ہونے والے ٹڈی دل کا بڑاجھنڈ صوبہ سے گزر چکا ہے، جھنڈ میں موجود کمزور اور معذور کیڑے رہ گئے ہیں جو فصلات کیلئے نقصا ن دہ نہیں ہیں، تاہم محکمہ زراعت اور زرعی ماہرین ان پر نظر رکھے ہوئے ہے کاشتکار اس سے پریشان نہ ہوں، یہ بات انہوں میں مظفرگڑھ میں محکمہ زراعت کے افسران کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ صوبہ میں ٹڈی دل چولستان کے علاقہ میں داخل ہوا جس پر محکمہ زراعت نے 40ہزار لیٹر ادویات سپرے کیں جس میں 2جہازاور 7گاڑیاں استعمال کی گئیں، انہوں نے بتایا کہ ٹڈی دل افریقہ سے سعودی عرب، ایران اور کویت سے ہوتی ہوئے پاکستان اور انڈیا کے علاقوں میں داخل ہوئی، پنجاب کے سرد موسم کی وجہ سے اب یہ صوبہ بلوجستان کی طرف ہجرت کرگئی ہے، ڈائریکٹر جنرل زراعت نے کاشتکاروں کو بھی ہدایت کی کہ موجودہ ٹڈی دل سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے تاہم کسی بھی فصل پر ٹڈی دل نظر آئے تو اس کی اطلاع فوری طور پر محکمہ زراعت کو دی جائے تاکہ بروقت اقدامات کئے جاسکیں، اجلاس میں ڈائریکٹر زراعت ڈیرہ غازی خان عبدالغفار غفاری، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت مظفرگڑھ شیخ محمد یوسف اور زراعت افسران نے شرکت کی۔