پانچ سال سے کم عمر بچوں میں متعدی بیماریوں سے تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے،سی ای او ہیلتھ مظفرگڑھ

مظفرگڑھ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 24 جولائی2020ء) سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فیاض کریم لغاری نے کہا کہ کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر پانچ سال سے کم عمر بچوں میں متعدی بیماریوں سے تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے ڈپٹی ڈی ایچ اوز ڈی ایس وی اے ایس ویز اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام کو موثر بنائیں اور ویکسین کی فراہمی سے متعلق اقدامات کا ازسرنو جائزہ لیں۔یہ بات انہوں نے حفاظتی ٹیکہ جات کے سلسلہ میں منعقدہ جائزہ اجلاس کی سربراہی کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک مربوط حکمت عملی کے تحت ضلع میں ویکسین سے محروم رہ جائے والے بچوں تک رسائی کو ممکن بنایا جائے۔ قبل ازیں ڈاکٹر اقبال مکول ڈی ایچ او نے ای پی آئی کی ماہانہ کارکردگی اور خامیوں کا جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے ڈپٹی ڈی ایچ او اور اے ایس ویز کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں مجموعی کارکردگی بہتر بنانے کے احکامات جاری کئے۔ بعد ازاں ڈاکٹرعمار شاہ کی سربراہی میں ڈبلیو ایچ او کے وفد نے اجلاس میں شرکت کی اور حالیہ پولیو کیس اور کیس رسپانس کے بارہ میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مربوط حکمت عملی کا جائزہ لیا ۔