ْگندم خریداری مراکز پر باردانے کے اجراء اور خریداری کا سلسلہ شفافیت سے جاری ہے،ڈپٹی کمشنر

مظفر گڑھ۔12 مئی(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 12 مئی2018ء) محکمہ خوراک کے زیر اہتمام گندم خریداری مراکز پر باردانے کے اجراء اور گندم خریداری کا سلسلہ شفافیت سے جاری ہے ، کاشتکاروں کو ان کے استحقاق کے مطابق باردانہ جاری کیا جارہا ہے اور گندم لے کر آنے والے کاشتکاروں سے گندم خرید کی جارہی ہے۔یہ بات ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور نے خانگڑھ، رکھ ہر پلو اورشیخ عمر کے مراکز گندم خریداری کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ باردانے کے اجراء کا عمل نہایت شفاف بنایاگیا ہے ، اگر کسی بھی کاشتکار کو اس سلسلے میں کوئی شکایت ہو تو متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر یا ان سے رابطہ کیا جاسکتا ہے، کاشتکاروں کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے گا۔اس موقع پر انہوں نے باردانے کے اجراء کے طریقہ کار اور ریکارڈ کا معائنہ کیا اور گندم کی بوری کا وزن اور اس میں نمی کے تناسب کی پڑتال کی ، انہوں نے انچارج گندم خریداری مراکز کو ہدایت کی کہ خریداری کے وقت مقدار اور معیار کا خیال رکھا جائے ، آنے والے تمام کاشتکاروں کو بلا امتیاز بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے استحقاق کے مطابق باردانہ جاری کیا جائے اس سلسلے میں کسی سفارش کو خاطر میں نہ لایاجائے۔