ریسکیو1122 اور ضلعی انتظامیہ مظفرگڑھ کی جانب سے فرضی مشقوں کا عملی مظاہرہ

مظفر گڑھ۔12 مئی(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 12 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور نے کہا ہے کہ ضلع کی حدودمیں واقع دونوں دریائوں میں سیلاب کی حوالے سے ابھی کوئی وراننگ جاری نہیں ہوئی ہے تاہم کسی بھی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ محکمہ جات کی معاونت سے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے ہیں ۔یہ بات انہو ں نے سیلاب کی تیاریوں کے سلسلے میں دریائے چناب پر ریسکیو1122 اور ضلعی انتظامیہ مظفرگڑھ کی جانب سے کی گئی فرضی مشقوں کا عملی مظاہرہ کا معائنہ کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ ضلع کو ہر سال سیلاب کا سامنا کرنا پڑتا ہے متوقع سیلاب کے خطرات سے نمٹنے اور نقصانات کو کم سے کم کرنے کیلئے تمام تر انتظامات کو عملی شکل دے دی گئی ہے تاکہ سیلاب کی صورت میں کسی بھی نقصان سے بچا جاسکے، اس موقع پر نہ صرف ریسکیو کی تیاریوں کا مظاہرہ کیاگیااور مختلف اداروں کے جان بچانے ، ریسکیو اور ریلیف فراہم کرنے والے آلات و سامان کی نمائش بھی کی گئی۔سیلاب کی صورت میں سیلاب میں گھرے لوگوں کوریسکیو کرنے کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا، اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر ارشادالحق کا کہامتوقع سیلاب کے حوالے سے مکمل طور پر تیار ہیں، ان کا کہناتھا کہ سیلاب کے حوالے سے ابھی تک کوئی وارننگ جاری نہیں کی گئی، تیاریوں کا مقصد تمام اداروں کی کارکردگی کو جانچنا ہے۔ اس موقع پرمحکمہ صحت،لائیوسٹاک،سول ڈیفنس،دوآبہ فاؤنڈیشن اور ایف ڈی او کی جانب سے سٹالز لگائے گئے تھے۔تقریب میں ڈسٹرکٹ آفیسرسول ڈیفنس سحرش ارشاد،ایف ڈی او کے حماد احمد،محمدشہزاد اور سعید رسول بھی موجود تھے ۔