والدین پولیو ٹیموں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں،ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 19 جنوری2023ء) ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے اسسٹنٹ کمشنر مبین احسن کے ہمراہ خان گڑھ اور مضافات کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سکول، واٹر فلٹریشن پلانٹ، دیہی مرکز صحت اور انسداد پولیو مہم کی فیلڈ ٹیموں کو چیک کیا۔ڈپٹی کمشنر نے بستی لانگ میں انسداد پولیو مہم کی فیلڈ ٹیم کی ورکنگ اور حاضری کو چیک کیا۔

انہوں نے علاقہ مکینوں سے انسداد پولیو ٹیم کی آمد بارے میں بھی دریافت کیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیو جیسے موذی مرض سے اپنے بچوں کو بچانے کیلئے محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر جا کر 5سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلا رہی ہیں، والدین ان ٹیموں سے ہر ممکن تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ نہ صرف اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے پلائیں بلکہ اپنے ارد گرد، گلی محلوں کے بچوں کے والدین کو بھی اس کی ترغیب دیں اور اس مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ موسم کی سختیوں کے باوجود ہمارے ورکرز دوردراز علاقوں میں پہنچ رہے ہیں۔انہوں نے روزانہ کا ٹاگٹ حاصل کرنے پر پولیو ورکرز کو شاباش دی