میپکو ملتان کی طرف سے تین سال قبل منظور شدہ خان گڑھ شہر کی ایل ٹی پروپوزل پر کام شروع نہیں کرایا جا سکا

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 16 جولائی2019ء) میپکو ملتان کی طرف سے تین سال قبل منظور شدہ خان گڑھ شہر کی ایل ٹی پروپوزل پر کام شروع نہیں کرایا جا سکا،شہر میں لگے پرانے کھمبوں اور بوسیدہ تاروں سے بجلی کی سپلائی اکثر متاثر ہوتی رہتی ہے جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ اکثر تاروں سے سپارکنگ بھی ہوتی رہتی ہے اور وولٹیج کم آتے ہیں۔ میپکو نے سال 2016 میں بوسیدہ تاریں اور کھمبوں کو تبدیل کرنے کے منصوبے کی منظوری دی تھی، لیکن یہ منصوبہ تین سال گز جانے کے باوجود فائلوں میں دبا ہوا ہے اور التواء کا شکار ہے۔ اس بارے تاحال فنڈز بھی جاری نہیں کئے گئے، جبکہ عوامی نمائندے بھی اس منصوبے پر کوئی پیش رفت یا عمل درآمد نہیں کرا سکے ہیں۔ شہریوں نے چیف ایگزیکٹو میپکو ملتان سے فنڈز ریلیز کر کے منصوبہ پر فوری کام شروع کرانے کی اپیل کی ہے۔