ممنوعہ بور کے خود کار اسلحہ کے لائسنس معطل کرنے کے احکامات جاری

مظفر گڑھ۔4 جنوری(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 04 جنوری2018ء) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ محمد سیف انور نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے ممنوعہ بور کے خود کار اسلحہ جات کے تمام لائسنس معطل کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں، تاہم قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سرکاری ادارے اس سے مستثنیٰ ہیں، انہوں نے کہا کہ ایسے ممنوعہ بور کے حامل لائسنسداران 31جنوری 2018تک اپنے خود کاراسلحہ جات مصدقہ آرمز ڈیلر یا آرمز مینو فیکچرر سے غیر خود کار اسلحہ سے تبدیل کرسکتے ہیں یا اپنے خود کار اسلحہ کو بعوض 50ہزار روپے اور خود کار بندوق کو 20ہزار روپے کے عوض حکومت کے حوالے کردیں، ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلع مظفرگڑھ سے تعلق رکھنے والے لائسنسدار اپنا اسلحہ ڈپٹی کمشنر آفس مظفرگڑھ میں جمع کرا سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ 31جنوری 2018کے بعد تمام خود کار اسلحہ جات کے لائسنس منسوخ کردئیے جائیں گے ۔