مظفرگڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 08 فروری2020ء) ڈائریکٹر زراعت ڈیرہ غازی خان عبدالغفار غفاری نے کہا ہے کہ ملک کو زرعی شعبہ میں مستحکم بنانے کیلئے محکمہ زراعت کے افسران کو فعال کردار ادا کرنا ہو گا، کاشتکاروں کوکاشتکاری کی جدید ٹیکنالوجی سے متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ فصلوں کو بیماریوں سے بچاؤ اور ان کے علاج کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کرنا ہوگی، یہ بات انہوں نے محکمہ زراعت کے زیر اہتمام ضلع کے زراعت افسران کو گندم کی بیماریوں بالخصوص زرد کٴْنگی کے بارے میں آگاہی اور اس کے سد باب سے متعلق ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت مظفرگڑھ شیخ محمد یوسف الرحمن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت شوکت علی عابد بھی ان کے ہمراہ تھے، سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پتھالوجسٹ ڈاکٹر ارشد بلوچ نے بتایا کہ گندم کی بیماریوں بالخصوص زردکٴْنگی گندم کی فصل کو 70فیصد تک متاثر کرسکتی ہے، بیماری شروع ہوتے ہی اس کے خلاف کاروائی کر لی جائے تو نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔