میونسپل کارپوریشن کے زیر اہتمام تمام واٹر فلٹر پلانٹس کو ایک ہفتے کے اندر فعال کردیا جائے گا،ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ

مظفرگڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 08 فروری2020ء) ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ میونسپل کارپوریشن کے زیر اہتمام تمام واٹر فلٹر پلانٹس کو ایک ہفتے کے اندر فعال کردیا جائے گا اور ان کو مستقل بنیادوں پر فعال رکھنے کیلئے ایک جامع لائحہ عمل بھی بنایا جائے گا جس میں مقامی لوگوں کو اس کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔یہ بات انہوں نے بستی ٹبی کریم آباد میں قائم واٹر فلٹر پلانٹ کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس جام آفتاب حسین بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع بھر میں کروڑوں روپے کی لاگت سے حکومت نے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے واٹر فلٹر پلانٹ لگائے لیکن عدم توجہ سے بہت سے پلانٹ بند پڑے ہیں۔ انہوں نے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن کو ہدایت کی کہ وہ ضلع کے تمام واٹر فلٹر پلانٹس کی فہرست مرتب کریں جس میں واضح کریں کے ان میں کتنے فعال ہیں اور کتنے بند پڑے ہیں۔