پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کے مالک محمد ندیم کو گرفتار کر لیا ، مقدمہ درج
مظفر گڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 20 فروری 2021ء) : حال ہی میں ملتان میں کم سن بچے کی گاڑی ڈرائیو کرنے کی ویڈیو وائرل ہوئی جس پر واویلا کیا گیا جبکہ پولیس اور ٹریفک پولیس کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا تاہم ملتان کے بعد اب مظفر گڑھ کے رہائشی ایک کم سن بچے کی بھی ایسی ہی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں اسے مظفر گڑھ کی مصروف ترین شاہراہ پر گاڑی چلاتے ہوئے دیکھا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر کم سن بچے کی گاڑی چلانے کی ویڈیو وائرل ہوئی تو مقامی پولیس فوری طور پر حرکت میں آ گئی۔
مقامی پولیس نے ویڈیو کی مدد سے بچے اور گاڑی کی نشاندہی کی جس کے بعد اس معاملے پر ڈی پی او مظفرگڑھ نے فوری احکامات جاری کر دئے۔ ڈی پی او مظفرگڑھ احسن اقبال کے حکم پر تھانہ سرور شہید پولیس نے فوری کارروائی کی ۔
پولیس کے مطابق بچے کی عمر بارہ سال ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد گاڑی کے مالک محمد ندیم کو گرفتار کر لیا ۔ پولیس کے مطابق گاڑی کے مالک کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ قبل ازیں ملتان کے رہائشی پانچ سالہ ننھے فہد کی ملتان کی شاہراہ پر گاڑی چلانے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی ۔
شناخت کے بعد 28 جنوری کو ملتان میں لینڈ کروزر چلانے والے 5 سالہ بچے کے والد کو پولیس نے ایک ہزار روپیہ جُرمانہ کیا تھا۔
28 جنوری کو بچہ اپنے والد کے ہمراہ پولیس اسٹیشن پہنچا۔ جس پر ٹریفک پولیس نے کارروائی کرکے گاڑی کو قبضے میں لے لیا ، جب کہ بچے کے والد نے سی ٹی او ملتان کو بیان حلفی جمع کروایا جس میں 5 سالہ بچے کے والد نے پولیس کو اس بات کی یقین دہانی کروائی گئی تھی کہ بچہ آئندہ گاڑی نہیں چلائے گا۔