ملتان‘ سابق رکن قومی اسمبلی عطاء قریشی کے بیٹے کو اغواء کے بعد قتل کر دیا گیا‘مقدمہ درج

ملتان/مظفر گڑھ(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔8ستمبر۔2013ء) مظفر گڑھ سے تعلق رکھنے والے (ن) لیگ کے سابق رکن قومی اسمبلی عطا قریشی کے جوان سال بیٹے کو ملتان میں اغوا کے بعد قتل کر دیا گیا۔اتوار کو پولیس ذرائع کے مطابق مظفر گڑھ سے تعلق رکھنے والے سابق ایم این اے عطا قریشی کے چھوٹے بیٹے ناصر قریشی کو گارڈن ٹاؤن ملتان میں قائم انکی رہائش گاہ سے اغوا کرنے کے بعد قتل کیا گیا۔ناصر قریشی کی والدہ زاہدہ کا کہنا ہے کہ کچھ دن پہلے نامعلوم افراد نے انہیں فون کر کے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی تھیں۔مقتول کی والدہ کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب واقعے کو نوٹس لیں اور ناصر قریشی کے قاتلوں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ناصر قریشی کے جسم پر تشدد کے نشانات ہیں تاہم پولیس کی جانب سے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔