مظفرآباد(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 18 دسمبر2018ء) وائس چیئرمین جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ خواجہ سیف الدین نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بربریت کی انتہاء کردی ، پلوامہ میں قتل عام 14سے زائد کشمیریوں کی شہادت اور 255سے زائد افراد کو زخمی کرکے عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیر دی ، اقوام متحدہ بھارت کو بلیک لسٹ میں ڈالے ،مقبوضہ کشمیر میں قتل عام پر کشمیری دنیا بھر میں احتجاجی تحریک چلائیں گے ، بھارت فوری طور پر وادی سے فوج کو نکالے نہیں تو لاشیں بھی نہیں اُٹھا سکے گا۔اُنہوں نے اِن خیالات کا اظہار مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی بربریت اور ظلم کے خلاف اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔خواجہ سیف الدین نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹ رہا ہے ، عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر نے تحریک آزادی اور کشمیریوں کے ساتھ بے وفائی کی ہے جس کا حساب دینا ہوگا،گزشتہ روز پلوامہ کے سانحے کے بعد پوری دنیا میں یوم سیاہ منایا جارہا ہے مگر آزادی کے بیس کیمپ میں مکمل خاموشی رہی۔اُنہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگرہ کرنے کیلئے کشمیر لبریشن سیل کا ادارہ بنایا گیا مگر اُس کے فنڈز بجائے کشمیریوں پر خرچ کرنے کے اپنے کارکنوں کی تنخواہوں پر خرچ کئے جارہے ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی درندگی کی بڑی وجہ کشمیریوں کی نہ پاکستان نے وکالت کی اور نہ ہی آزادکشمیر کی حکومت نے ترجمانی ۔اُنہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ بھارت کو بلیک لیسٹ میں ڈال کر اُس پر پابندی عائد کرے جبکہ مقبوضہ وادی سے افواج کو فوری طور پر باہر نکالا جائے،نہیں تو بھارت لاشیں بھی نہیں اٹھاسکے گا۔اجلاس میں بشارت نوری ، منظور خان ، عاشق گیلانی ، عاشق مغل سمیت دیگر کارکنوں نے بھی شرکت کی ۔