مظفر گڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 15 جون 2022ء ) مظفر گڑھ میں جرائم بڑھنے لگے، دو دن میں خواتین سے زیادتی کا تیسرا واقعہ پیش آیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مبارک پور میں رکشے میں سوار لڑکی سے رکشہ ڈرائیور نے مبینہ زیادتی کی ہے۔متاثرہ لڑکی کو میڈیکل کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزم رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پنجاب پولیس کے مطابق مظفرگڑھ پولیس نے 16 سالہ لڑکی سے زیادتی کرنے والے رکشہ ڈرائیور کو 15 کی کال پر فوری گرفتار کرلیا۔ مزید قانونی کاروائی جاری ہے۔مزید کہا کہ ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
متاثرہ خاتون کا میڈیکل کرایا جارہا ہے اور پولیس فرانزک ٹیمیں موقع سے شواہد اکٹھے کر رہی ہیں،ڈی پی او نے ایس پی انویسٹی گیشن ضیاء اللہ کی سربراہی میں سپیشل ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنانے کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ڈی پی او نے کہا ہے کہ بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کئے جا رہے ہیں۔
مظفر گڑھ میں ایک لڑکی کو چھیڑنے کا بھی افسوسناک واقعہ پیش آیا۔جس دوران لڑکی کا بھائی فائرنگ سے جاں بحق ہو گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے مظفرگڑھ میں خواتین کو ہراساں کرنے کے دوران فائرنگ سے نوجوان کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ناحق بے گناہ نوجوان کی جان لینے والے ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے مزید قانونی کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے ہدایت کی کہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔