مظفر گڑھ میں چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر دہشتگردی کا منصوبہ ناکام، مقابلے میں 4 دہشگرد ہلاک

مظفر گڑھ(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 13 دسمبر 2014ء) پولیس نے چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بتاتے ہوئے مقابلے میں 4 دہشت گرد ہلاک کر کے بھاری تعداد میں اسلحہ اور جہادی لٹریچر برآمد کر دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے حساس اداروں کی رپورٹ پرمظفر گڑھ میں محمود کوٹ روڈ پر دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا تو مسلح ملزمان نے پولیس نفری پر ہینڈ گرینیڈ اور بھاری اسلحے کی مدد سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 3 اہلکار زخمی ہو گئے، جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک جب کہ 4 فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔زخمی پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر مظفر گڑھ میں دہشت گردی کرنا چاہتے تھے اور گزشتہ کئی روز سے ایک مکان میں چھپے ہوئے تھے۔ ملزمان کے قبضے سے 8 خود کش جیکٹس، 7 دستی بم، راکٹ لانچرز، غیر ملکی اسلحہ، پاسپورٹس اور جہادی لٹریچر بھی برآمد ہوا، ملزمان کا تعلق پنجابی طالبان کے ابو عبداللہ گروپ سے ہے۔ پولیس نے فرار ملزمان کی گرفتاری کے لئے علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔