مظفر گڑھ: غریب عوام تک مفت آٹے کی فراہمی کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے،ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 21 مارچ2023ء) ضلع بھر میں مستحقین تک مفت آٹے کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی فیلڈ میں متحرک ہوگئے ۔ ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج،ضلع کونسل،خورشید آباد سکول، فیصل سٹیڈیم، گورنمنٹ پرائمری سکول بصیرہ، یونین کونسل شاہ جمال،کوڑے خاں سکول جتوئی اور علی پور میں قائم مفت آٹا پوائنٹس کا دورہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے ہر مفت آٹا پوائنٹس پر صفائی ستھرائی،سکیورٹی اور دیگر بنیادی سہولیات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی کی ہدایت پر تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنران بھی اپنی اپنی تحصیلوں میں فیلڈ میں موجود رہے اور مفت آٹا پوائنٹس پر مفت آٹے کی نگرانی کی۔

ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا کہ غریب عوام تک مفت آٹے کی فراہمی کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔

 

انہوں نے کہا کی مفت آٹا پوائنٹس پر خواتین کے پردہ اور عزت و تکریم کا خاص خیال رکھا جائے۔ انھوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے ہر پوائنٹ پر سایہ دار جگہ،ٹھنڈے پانی،کرسیوں ودیگر انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ مفت آٹا پوائنٹس پرعوام کو درپیش مسائل کو موقع پر حل کیا جائے،مفت آٹے کی عوام تک رسائی میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ 

انھوں نے کہا کہ ضلع بھر میں قائم مفت آٹا پوائنٹس پر کاؤنٹرز کی تعداد بڑھائی گئی ہے تاکہ عوام کو زیادہ دیر انتظار کی تکلیف برداشت نہ کرنا پڑے۔انہوں نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کو بھی ہدایت کی کہ فلور ملز کو پابند کیا جائے کہ تمام پوائٹس پر بروقت آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ مسائل کو فوری حل کرنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہر افسر کو فیلڈ میں نکلنا ہوگا،سستی کا مظاہرہ کرنے والے اور کام چور افسران کی ضلع میں کوئی گنجائش نہیں۔