مظفر گڑھ(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی- 15جنوری 2018ء ):مظفر گڑھ میں24سالہ الیکٹریکل انجنئیر کامران لغاری کے والد مجاہد لغاری کا جگر ناکارہ ہوا تو بیٹے نے قربانی کی عظیم مثال قائم کر دی ۔بیٹے نے جگر کا ٹکڑا عطیہ کر کے باپ کی جان بچا لی اور خود موت کو گلے لگا لیا۔تفصیلات کے مطابق قربانی اور ایثار کی یہ عظیم کہانی مظفر گڑھ کے 24سالہ الیکٹریکل انجنئیر کامران لغاری نے تحریر کی ۔کامران لغاری کے والد مجاہد لغاری کا جگر ناکارہ ہوا تو ڈاکٹروں نے جگر کے ٹرانسپلانٹ کا مشورہ دیا جس پر بیٹے نے باپ کو جگر عطیہ کرنے کی ٹھانی۔ڈاکٹروں نے کامران لغاری کو خبردار کیا کہ آپریشن کے نتیجے میں اسکی جان جا سکتی ہے مگر کامران لغاری نے کسی بھی بات کی پرواہ کرتے ہوئے اپنے باپ کے لیے زندگی داؤ پر لگا دی۔آپریشن ہو گیا ،بیٹے کے جگر کا ٹکڑا مجاہد لغاری کو لگا دیا گیا اور مجاہد لغاری کو نئی زندگی مل گئی لیکن باپ کو نئی زندگی دینے والے مجاہد کو موت نے اپنی آغوش میں لے لیا۔نوجوان کا جنازہ گھر پہنچا تو علاقے میں کہرام مچ گیا۔ہر آ نکھ اشکبار تھی جبکہ دوسری طرف اپنے بیٹے کی موت سے بے خبر مجاہد لغاری لاہور کے شیخ زید ہسپتال میں زیر علاج ہے ۔