مظفر گڑھ:سکول کی دیوارگرنے سے متعددبچے ملبے تلے دب کر زخمی،6شدیدزخمی بچوںکو ہسپتال منتقل کردیا گیا

مظفر گڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 09 جنوری2017ء) تھانہ سٹی علی پور کی حدود مکول چوک بائی پاس کے نزدیک واقع پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام چلنے والے غزالی پبلک اسکول کی دیوار گرنے سے متعدد بچے ملبے تلے دب گئے جنہیں ریسکیو 1122 نے نکال کر طبی امداد فراہم کی اور 6 شدید زخمی بچوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیاہے۔تفصیل کے مطابق مظفرگڑھ کی تحصیل علی پورکے تھانہ سٹی علی پور کی حدود مکول چوک بائی پاس کے نزدیک واقع پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام چلنے والے غزالی پبلک اسکول کی دیوار گرنے سے متعدد بچے ملبے تلے دب گئے۔اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 علی پور نے فوری طور پر ملبے تلے دبے بچوں کو نکال کر طبی امداد فراہم کرتے ہوئے 6 شدید زخمی بچوںمحمد جمیل ،محمد جہانزیب،محمد کامران ،رابعہ،ریحانہ ، اور شریف کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال علی پور منتقل کر دیا ہے۔زخمی ہونے والے بچوں کی عمریں 4 سے 8 سال تک ہیں اور پہلی جماعت سے تیسری جماعت تک کے بچے شامل ہیں۔ موسم سرد ہونے کی وجہ سے بچوں کو سکول کے صحن میں دھوپ میں بٹھا کر پڑھا یا جا رہا تھا۔