سیوریج کے ماسٹر پلان کی تکمیل سے شہر کے سیوریج کے مسائل حل کرنے میں مددملے گی،چیئرمین سردارکرم خان چانڈیہ

مظفر گڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 09 جنوری2017ء) شہر کی ترقی وبہتری کے لیے غیر سرکاری فلاحی تنظیم افق ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کا کردار قابل تحسین ہے ،سیوریج کے ماسٹر پلان کی تکمیل سے شہر کے سیوریج کے مسائل حل کرنے میں مددملے گی۔ان خیالات کا اظہار میونسپل کمیٹی مظفرگڑھ کے چیئرمین سردار اکرم خان چانڈیہ نے افق ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کی جانب سے منعقدہ سٹیک ہولڈرزمیٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،ان کا کہنا تھا کہ شہر بھر کی 26کلومیٹر سیوریج لائنوں اور تمام مین ہولز کی صفائی کے باعث شہر بھر کا سیوریج کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے میں مددملے گی ،انھوں نے یقین دہانی کرائی کہ شہر میں تنظیم کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے میونسپل کمیٹی مظفرگڑھ ہر ممکن مدد فراہم کر ے گی اور اس سلسلے میں تکنیکی تعاون بھی فراہم کیا جائیگا۔تقریب سے ایڈیشنل سیکرٹری وومن ڈویلپمنٹ نادر خلیق کا کہنا تھا کہ افق ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کی جانب سے ضلع کی آفیشل ویب سائٹ بنانااور اربن ڈویلپمنٹ پلان کی تیاری قابل تعریف اقدامات ہیں۔اس موقع پر منیجر پروگرامز افق ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن محمدسرفراز کا کہنا تھا کہ آکسفیم برطانیہ کے تعاون سے گزشتہ2سالوں میں مظفرگڑھ شہر سیوریج ،صحت وصفائی اورمعیار زندگی بہتر بنانے کے منصوبوں پر تنظیم نے 5ملین روپے سے زائد رقم خرچ کی۔شہر کی سیوریج لائنوں اور مین ہولز کی صفائی سے شہریوں کوسیوریج کے حوالے سے مسائل حل ہونگے۔ان کا کہنا تھا کہ معذور افراد کے لیے سوشل ویلفیئر آفس میں ریمپ تعمیر کیا گیا ہے ، ڈی سی او آفس میں بھی ریمپ تعمیر کیا جائے گاجبکہ دیگرچھوٹی چھوٹی سکیمیں پر بھی کام جاری ہے۔اس موقع پر ملک جاوید اختر،شاہانہ عباس شانی،ملک شمشادنرگس،کوثرپروین ،سونیاشفیق ،شمائلہ پروین ،رحمان سعید ،حاجی ریاض ،گل محمد،نذیراحمد لغاری اورجمال ناصر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر دیگر افراد میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔