مختصر وقت میں گمشدہ بچوں کو ڈھونڈنے پر ڈی پی او مظفرگڑھ حسن اقبال نے پولیس ٹیم کے لیے نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ کا اعلان
مظفر گڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 19 نومبر2020ء) ضلع مظفر گڑھ میں لاپتہ ہونے والے 4 طالب علموں کو پولیس نے مقدمے کے اندراج کے بعد مختصر وقت میں ڈھونڈ نکالا۔پولیس کے مطابق چاروں لڑکے اپنے گھروں سے 75 ہزار روپے چوری کر کے بھاگ گئے تھے۔مظفر گڑھ کے علاقے روہیلانوالی میں 15 نومبر سے 4 طالبعلم لاپتہ تھے، لڑکوں کی گمشدگی کی اطلاع منگل کے روز ان کے والدین کی جانب سے تھانہ روہیلانوالی پولیس کو دی گئی تھی۔
معاملے کی خبر ٹی وی چینلز پر نشر ہوئی تو بچوں کی گمشدگی کا مقدمہ بھی تھانہ روہیلانوالی میں درج کر لیاگیا۔مقدمے کے اندراج کے چند گھنٹوں کے اندر پولیس نے چاروں طالب علموں کو ڈھونڈ نکالا۔پولیس کے مطابق بچے اپنے گھروں سے 75 ہزار روپے اٹھاکر ملتان بھاگ گئے تھے جنہیں ڈھونڈ کر ان کے والدین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔مختصر وقت میں گمشدہ بچوں کو ڈھونڈنے پر ڈی پی او مظفرگڑھ حسن اقبال نے پولیس ٹیم کے لیے نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ کا اعلان کیا ہے۔