مظفر گڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 17 فروری2020ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر طاہر محمود نے کہا ہے کہ ڈیڈڈیفالٹرز سے واجبات کی وصولی،رننگ ڈیفالٹرز سے بلوں کی ادائیگی کے لیے سخت ترین اقدامات کئے جائیں اور ڈیفالٹرز کے کنکشنز فوری طور پرمنقطع کئے جائیں۔ میپکو ڈیفالٹرز سے واجبات کی وصولی اورلائن لاسزکو کنٹرول کرنے کے اہداف حاصل نہ کرنے والے افسران کے خلاف سخت ترین ایکشن لیا جائے گا۔یہ باتیں انہوں نے میپکو سرکل مظفر گڑھ کے دورے کے موقع پر میپکو سرکل مظفر گڑھ کے افسران سے میٹنگ کے دوران کیں۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈافسران اپنی کارکرد گی کو مزید بہتر بنائیں لائن لاسز کو فیڈر کی سطح پر کنٹرول کریں۔ بجلی چوروں کو نہ صرف جرمانے کئے جائیں بلکہ ان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کروائی جائے۔لائن سٹاف اپنی قیمتی جانوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں اورٹی اینڈپی کا استعمال کریں۔ٹی اینڈپی کا استعمال نہ کرنے والے میپکوملازمین کے خلاف خلاف سخت ایکشن لیاجائے گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ ایکسینز اور ایس ڈی اوزخود فیلڈ میں نکلیں،لائن لاسز اور واجبات کی وصولی کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کریں۔ ایس ڈی اوز فیلڈ میں بھیجنے سے قبل لائن سٹاف کی ٹی اینڈپی کی چیکنگ کریں اوراس کے استعمال کوبھی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا تمام افسران صارفین کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آئیں تاکہ میپکو کا امیج لوگوں کی نظر میں بہتر ہو سکے۔اس موقع پرجی ایم ٹیکنیکل میپکوانجینئر راناعبدالستار، قائمقام سپرنٹنڈنگ انجینئرمیپکو سرکل مظفر گڑھ انجینئرمحمدنعیم آخترسامٹیہ،ڈائریکٹر کمرشل رفیق عابد میپکوہیڈکوارٹر، ایکسین میپکو ڈویڑن مظفرگڑھ محمدعمیرقاسم،ایکسین کوٹ ادوفرقان ذکریا،ایکسین علی پوریعقوب گدارا،ایکسین لیہ بلال خان، ایکسین ایم اینڈٹی مظفرگڑھ نذیراحمد گوپانگ،ایکسین آرآرای مظفرگڑھ ملک محمداشرف، ڈی سی ایم اظہار علی میپکوسرکل مظفرگڑھ کے ایس ڈی اوز،آراوزاور اے پی آر او بھی موجودتھے۔