مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 30 مئی2020ء) ضلع مظفرگڑھ میں ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے اب تک 2000 ایکڑ رقبے پر اسپرے کیا جا چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار نوید عصمت کاھلوں اسسٹنٹ ڈائریکٹر شعبئہ اطلاعات محکمہ زراعت ملتان ڈویژن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع مظفرگڑھ میں ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے پاک آرمی،محکمہ زراعت،ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے مل کر کام کر رہے ہیں اور فصلات کو ٹڈی دل سے بچانے کیلیے جنگی بنیادوں پر کام کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع میں اب تک 2000 ایکڑ رقبے پر اسپرے کیا جا چکا ہے اور 400 لیٹر زہریلی زرعی ادویات کا بھی اسپرے کیا جا چکا ہے، جبکہ دوسری طرف کاشتکاروں مہرسرفراز،ملک منظور حسین،رحیم بخش،ملک ارشد،وسیم خان،نصرت بھٹی اور ضلع کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے متعدد دیگر کسانوں نے کہا ہے کہ ضلع سے ٹڈی دل کا اب تک خاتمہ نہیں ہو سکا ہے اور علی پور، شہرسلطان، جتوئی، خانگڑھ، شاہجمال رنگپور،چوک سرور شہید،سیت پور سمیت ضلع بھر میں ٹڈی دل نے بار بار حملے کر کے کپاس،جوار،مونگ،سبزیات،سبز چارے کو تباہ کرکے کسان کی کمر توڑ دی ہے اس کے علاوہ آموں کے باغات اور شریح کے درختوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ٹڈی دل پر قابو نہ پایا گیا اور صورتحال یونہی رہی تو ملک میں غذائی بحران پیدا ہو سکتا ہے۔