مظفرگڑھ میں تیل سے بھرا ٹینکرالٹ گیا‘15ہزار لیٹر تیل کپاس کے کھیتوں میں بہہ گیا

علی پور (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔27 ستمبر۔2017ء) ضلع مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور کی حدود فتح پور روڈ بائی پاس پر تیز رفتار پیٹرول سے بھرا آئل ٹینکر الٹ گیا۔حادثے کے نتیجے میں پیٹرول سڑک اور سڑک کے ساتھ کپاس کی فصل کے کھیتوں میں بہہ رہا ہے۔پولیس اور ریسکیو 1122 نے فوری موقع پر پہنچ کر علاقے کو سیل کر کے ٹریفک کیلئے بند کر دیا ہے۔ریسکیو1122 علی پور کے انچارج کے مطابق آئل ٹینکر میں 15 ہزار لیٹر پیٹرول بھرا ہوا ہے جو سڑک اور سڑک کے ساتھ واقع کپاس کی فصل کے کھیتوں میں بہہ رہا ہے۔جس جگہ حادثہ پیش آیا ہے اس سے 20 گز کے فاصلے پر پیٹرول پمپ بھی موجود ہے اور حادثے کی جگہ کے چاروں اطراف اینٹیں بنانے کے بھٹے بھی ہیں۔پولیس نے علاقہ مکینوں کو حادثہ کی جگہ سے دور منتقل کر دیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کا کوئی نا خوشگوار واقعہ رونما نہ ہو سکے ،حادثے کے بعد آئل ٹینکر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے۔