مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 11 اکتوبر2022ء) ایس ایچ او سٹی مظفرگڑھ افتخار ملکانی نےپکار 15 پر کار چوری کی جھوٹی کال کرنے والے شخص کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ۔
پولیس ترجمان کےمطابق ریسکیو (پکار)15 پر ایمر جنسی کال پر جب پولیس تھانہ سٹی مظفرگڑھ کئی کلو میٹر دور بھٹہ پور پہنچی تو پڑتال کرنے پر معلو م ہوا کہ جھوٹی کال کرنے والے ملزم ظفر اقبال نے کچھ دن قبل گاڑی کا شیر شاہ ملتان میں سودا کیا تھا اور اب اس گاڑی کو واپس لانے کی غرض سے جھوٹی بے بنیاد کہانی بنا کر 15 پر کال کی کہ اس کی گاڑی چوری ہو گئی ہے۔
جھوٹی کال کرنے کے جرم میں پولیس تھانہ سٹی مظفرگڑھ نے 29D ٹیلی گراف ایکٹ 1885 کے تحت مقدمہ نمبر 921/22 درج کر کے ملزم ظفر اقبال کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس موقع پر ڈی پی او مظفرگڑھ کا کہنا تھاکہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں اور جھوٹی کالزسے اجتناب کریں،ریسکیو (پکار) 15 پر بوگس کالز اور جھوٹی اطلاع دینے والے شخص کےساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور سخت سے سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔