مظفرگڑھ ،سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کےلئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں،ڈپٹی کمشنر

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 07 مارچ2023ء) ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے نادار اور مستحق افراد کیلئے آٹے کی خریداری پر رعایت دی جا رہی ہے جس کے لئے ضلع بھر میں مختلف آٹا سیل پوائنٹس بنائے گئے ہیں جہاں سستے آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ یہ بات انہوں نے مختلف آٹا سیل پوائنٹس کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ آٹے کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور نا جائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ فوڈکنٹرولر کو ہدایت کی کہ شہر کے تمام سیل پوائنٹس پر آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔شہریوں کو سستے آٹے کی سہولت سے مستفید ہونے میں حائل رکاوٹوں کو بھی فوری طور پر دور کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ آٹا سیل پوائنٹس پر حفاظتی انتظامات کو برقرار رکھا جائے۔ اوپن مارکیٹ میں آٹے کی ریٹ لسٹ کو نمایاں جگہ پر آویزاں کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے سیل پوائنٹس پر آٹے کی خریداری کے لیے آئے لوگوں سے آٹے کے دستیابی کے بارے میں دریافت کیا گیا جس پر لوگوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کم قیمت پر آٹا خرید کر مہنگے داموں بیچنے والوں کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ 

ہوٹلوں اور دکانوں پر سبسڈی آٹے کی موجودگی پر قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ تمام ضلعی انتظامی افسران سیل پوائنٹس پر آٹے کی مانیٹرنگ کریں۔انہوں نے کہا کہ آٹا سیل پوائنٹس پر حفاظتی انتظامات،صفائی ستھرائی اور دیگر معاملات میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے۔