مظفرگڑھ۔پولیو جیسے موذی مرض کے مکمل خاتمے کیلئے ہم سب کو ذمہ داری سے کام کرنا ہوگا، ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ

مظفرگڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 17 فروری2020ء) پاکستان بھر سے پولیو جیسے موذی مرض کے مکمل خاتمے کیلئے ہم سب کو ذمہ داری سے کام کرنا ہوگااور عام آدمی میں بھی اس کا شعور بیدار کرنا ہے کہ ہر مہم کے دوران ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے پلائے جائیں۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر امجد شعیب خان ترین نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے پلا کر 3روزہ مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ حکومت پولیو کے مرض کے مستقل خاتمے کیلئے پر عزم ہے اور تمام وسائل کو بروئے کار لایا جارہاہے لہٰذا اس مرض کے خاتمے کیلئے معاشرے کے ہر طبقہ کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی او راس کے خلاف جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر سی ای او صحت ڈاکٹر فیاض کریم لغاری نے بتایا کہ 3روزہ مہم کے دوران ضلع بھر میں گھر گھر جا کر 5سال تک کی عمر کے 8لاکھ سے زائد بچوں کو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے، جس کیلئے ایک ہزار784موبائل ٹیمیں اور 116فکسڈ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، مہم کے دوران 4ہزار129اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے، اس موقع پر یونیسف کے ڈاکٹر فریال، ڈی ایچ او ڈاکٹر کاظم، ڈاکٹر رفیق، ڈاکٹر حسن قریشی، ڈاکٹر مقبول عالم، ڈاکٹر امیر بخش، ڈاکٹر شاہد ریاض سمیت راشد محمود، لیڈی ہیلتھ سپروائزر اور ورکرز موجود تھے۔