مظفرگڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 08 اپریل2019ء) ریسکیو زرائع کے مطابق مظفرگڑھ جھنگ روڈ پر لنگر سرائے کے قریب کار اور شہ زور مزدے کے درمیان تصادم میں کار میں سوار پارکوں اسٹیشن گجرات کا ملازم انجینئر فراز احمد شدید زخمی ہو گیا۔ ریسکیو 1122 کی ایمبولینس نے جائے حادثہ پر بروقت پہنچ کر زخمی ہونے والے شخص کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مظفرگڑھ منتقل کر دیا جہاں اس کی حالت تسلی بخش بتائی جا رہی ہے۔جائے حادثہ سے زخمی شخص کی اشیاء، جن میں 4 لاکھ سے زائد نقد رقم لیب ٹاپ، موبائل فون اور گھریلو سامان شامل ہیں، ریسکیو اہلکاروں کو ملا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر محمد ارشاد الحق کی ہدایت پر مندرجہ بالا سامان متاثرہ شخص کے لواحقین کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں واپس کر دیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے ایمانداری سے ڈیوٹی سر انجام دینے والے اہلکاروں کو شاباش دی۔ لواحقین نے بھی رقم اور سامان بحفاظت واپس ملنے پر ریسکیو اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔