مظفرگڑھ، ڈی پی او کی ریٹائرڈ ملازمین سے ملاقات،مسائل دریافت کیے

مظفرگڑھ ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 16 جنوری2019ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مظفرگڑھ عمران کشور نے کمیٹی روم میں آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کی ہدایات پر محکمہ پولیس سے ریٹائرڈ ہونیوالے ملازمین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کیے جس پر ڈی پی او مظفرگڑھ نے موقع پر احکامات جاری کیے اور ایک پولیس ملازم کی نقد امداد بھی کی۔ جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمران کشور نے ریٹائرڈ پولیس ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ انکے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا اور ان کو دفاتر میں عزت و احترام دینے کے لیے فوری ہدایات بھی جاری کردی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین ہمارے محکمہ کا اثاثہ ہیں جنہوں اپنی آدھی زندگی محکمہ کے لیے اپنے فرائض کی ادائیگی میں گزاری ہے ان کو عزت و احترام دینا ہمارا بھی فرض ہے۔انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین کے بچوں کو نوکریاں دینے کے لیے تمام تر کوششیں کی جائیگی تاکہ فیملی کوٹہ میں وہ بھرتی ہوسکے جس کے لیے وہ سروس رولز کے مطابق عمل کریں انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور بقایا جات کے حوالے سے محکمہ کے اکائوٹنٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ملازم کو اس حوالے سے کوئی بھی مسائل کا سامنا ہرگز بھی نہ کرنا پڑے اور ہر ممکن طور پر ملازمین کی مدد اور انہیں رہنمائی فراہم کی جائے اور اس سلسلے میں آنیوالی شکایات پر سخت ایکشن لیا جائیگا۔اس موقع پر ریٹائرڈ ملازمین نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مظفرگڑھ عمران کشور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی طرف سے اٹھائے جانیوالے اقدامات پر اطمنان کا اظہار کیا۔