مظفرگڑھ، ڈی ایچ کیو میں 15 ملین روپے کی خطیر رقم سے شروع ہونے والا یورولوجی سنٹر 2 سال بعد بھی مکمل نہ ہو سکا

مظفرگڑھ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 29 جون2019ء) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مظفرگڑھ میں 15 ملین روپے کی خطیر رقم سے شروع ہونے والا یورولوجی سنٹر 2 سال بعد بھی مکمل نہ ہو سکا۔ تفصیل کے مطابق سابق دور حکومت میں 2017 میں 15 ملین روپے سے صدر ہسپتال مظفرگڑھ میں یورولوجی سنٹر کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا گیا جو اپریل 2018 میں مکمل ہونا تھا لیکن 2 سال گزرنے کے باوجود مکمل نہ ہو سکا۔
محکمہ بلڈنگ کے افسران نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ موجودہ حکومت نے اس منصوبے کے فنڈز روک لئے ہیں اس لئے یہ منصوبہ مکمل نہیں ہو سکا، اس وقت صورتحال یہ ہے کہ ہسپتال میں یورولوجسٹ دیگر متعلقہ عملہ اور سازوسامان تو موجود ہے لیکن یورولوجی سنٹر مکمل نہ ہونے کی وجہ سے گردوں کے امراض میں مبتلا مریض ملتان لاہور اور دوسرے شہروں میں علاج کرانے پر مجبور ہیں جس کی وجہ سے ان کی تکالیف اور اخراجات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔