مظفرگڑھ، چوکیداری نظام فوری نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، محکمہ پولیس

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 07 دسمبر2019ء) پنجاب میں چوکیداری نظام فوری نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا،صوبے بھر میں امن و امان اور کرائم کے بڑھتے تناسب کے پیش نظر امن کمیٹیاں اورچوکیداری نظام کو بحال کیا جا رہا ہے۔پولیس افسران کو پروٹوکول ختم کرنے اور فیلڈمیں نکلنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔شہری علاقوں میں ارکان اسمبلی اور عوامی نمائندوں کے ہمراہ کھلی کچہریاں لگانے جبکہ دیہاتی علاقوں میں چوکی داری نظام کو نافظ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

محکمہ پولیس کہ مطابق نئے آئی جی پنجاب پولیس کے احکامات کی روشنی میں پہلے مرحلے میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں، اس میں منتخب نمائندوں ارکان اسمبلی اور سابق چیئرمین کی خدمات بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔محکمہ پولیس کے بنیادی ڈھانچہ میں تبدیلی لائی جا رہی ہے اور اس میں پولیس افسران کا پروٹوکول ختم کر دیا گیا ہے اور پولیس افسران کو دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں نکل کر اپنی ذمہ داریاں اداکرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ احکامات پر عملدرآمد کی آئی جی پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کی جائے گی۔