غریب عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے،ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ

مظفرگڑھ ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 06 دسمبر2019ء) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا کہ غریب عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحی ہے جس کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے کیا۔سی ای او صحت ڈاکٹر ضیاء الحسن بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مظفرگڑھ ضلع کے لوگوں کو علاج ومعالجہ کی فراہمی میں اہم کردار ادا کررہا ہے،اسی طرح دور دراز کے دیہی علاقوں میں دیہی مراکز صحت اور بنیادی مراکز صحت اہم ہسپتال ہیں ان ہسپتالوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنا اور یہاں بہتر ماحول مہیا کرنا اشد ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج اور ادویات کی فراہمی کے ساتھ صفائی ستھرائی کا بھی خاص خیال رکھا جائے۔ ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈاکٹر مہر اقبال نے ڈپٹی کمشنر کو ہسپتال کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔مریضوں سے علاج و معالجہ کی سہولیات کے بارے دریافت کیا۔